حضرت رابعہ بصری رحمہا اللہ

بیت اللہ کے بارے میں رابعہ عدویہ کا جو قول ذکر کیا گیا ہے کہ یہ زمین میں بت ہے جس کی عبادت کی جاتی ہے، رابعہ پر جھوٹ ہے۔

حافظ بلال اشرف اعظمی

معزز قارئین! بی بی رابعہ العدویہ بصریہ رحمہا اللہ عبادت گزار، زہد و ورع سے متصف صالح خاتون تھیں۔ ان کا شمار تبع تابعین میں ہوتا ہے۔ امام سفیان ثوری اور امام شعبہ رحمہما اللہ جیسے اہل علم بھی ان کے پاس جایا کرتے تھے۔

آپ کی کنیت ام عمرو، لقب ام الخیر، اور والد کا نام اسماعیل تھا۔ ابو العباس احمد بن محمد المعروف ابن خلکان (م: 681ھ) لکھتے ہیں:

«أم الخير رابعة ابنة إسماعيل العدوية البصرية مولاة آل عتيك الصالحة المشهورة»

”ام الخیر رابعہ بنت اسماعیل عدویہ اور بصریہ تھیں، آل عتیک کی آزاد کردہ لونڈی تھیں اور مشہور صالح خاتون تھیں۔“ (وفيات الأعيان: 2/285)

حافظ شمس الدین محمد بن احمد الذہبی رحمہ اللہ (م: 748ھ) لکھتے ہیں: «رابعة العدوية البصرية الزاهدة العابدة الخاشعة، أم عمرو رابعة بنت إسماعيل»

”ام عمرو رابعہ بنت اسماعیل عدویہ اور بصریہ تھیں، زہد و ورع سے متصف، اللہ کا ڈر رکھنے والی عبادت گزار خاتون تھیں۔“ (سير أعلام النبلاء: 7/508)

حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ (م: 774ھ) لکھتے ہیں: «العدوية البصرية العابدة المشهورة» ”رابعہ عدویہ بصریہ تھیں اور مشہور عبادت گزار خاتون تھیں۔“ (البداية والنهاية: 7/178) مزید لکھتے ہیں: «وأثنى عليها أكثر الناس» ”اکثر لوگوں نے رابعہ کی تعریف کی ہے۔“ (البداية والنهاية: 7/178)
امام ابو داؤد رحمہ اللہ کی جرح اور اس کا جائزہ: ابو عبید آجری کہتے ہیں کہ میں نے زیاد بن عمرو القیسی کے بارے میں امام ابو داؤد رحمہ اللہ سے سوال کیا تو انہوں نے فرمایا: «هو وأبو حبيب وحبان الجريري ورابعة رابعتهـم في الزندقة» ”ریاح بن عمرو، ابو حبیب، حبان الجریری اور رابعہ بد اعتقادی میں ان میں سے چوتھی تھی۔“ (سؤالات أبي عبيد الآجري، ص: 321)

جائزہ: 1۔ اس جرح کا ناقل ابو عبید آجری بالذات عدالت و ثقاہت نامعلوم ہے، لہٰذا اس جرح کے ثبوت میں نظر ہے۔

2۔ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں: «فلعله بلغه عنها أمر» ”شاید امام ابو داؤد رحمہ اللہ کو رابعہ کے بارے میں کوئی (غیر ثابت، باطل) بات پہنچی ہو۔“ (البداية والنهاية: 7/178)

غلامی سے آزادی:

رابعہ بصریہ رحمہا اللہ نے پہلے غلامی کی زندگی بسر کی، بعد ازاں انہیں آزادی کی نعمت میسر آئی۔ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «مولاة آل عتيك» ”عتیک نامی شخص کے خاندان کی آزاد کردہ لونڈی تھیں۔“ (البداية والنهاية: 7/178)

ازدواجی زندگی:

لوگوں میں مشہور ہے کہ رابعہ بصریہ رحمہا اللہ نے شادی نہیں کی تھی لیکن یہ محض شہرت ہے، جس کی کوئی مضبوط دلیل موجود نہیں ہے۔ ہمیں کتب تاریخ میں ان کے نکاح یا عدم نکاح کی کوئی روایت نہیں ملی، اور کتب تاریخ میں ایسے سینکڑوں لوگ موجود ہیں جن کے نکاح یا عدم نکاح کی کوئی روایت نہیں ملتی۔ جب تک صحیح سند سے یہ ثابت نہ ہو جائے کہ رابعہ رحمہا اللہ نے شادی نہیں کی تھی، یہ کیسے فرض کر لیا جائے کہ رابعہ رحمہا اللہ جیسی صالحہ خاتون ایک سنت مؤکدہ پر عمل کرنے سے محروم رہی ہوں گی، نیز امام ذہبی رحمہ اللہ نے ان کی کنیت ”ام عمرو“ ذکر کی ہے۔ (دیکھیں: سير أعلام النبلاء: 7/508)

کرامت:

امام ابو القاسم ہبۃ اللہ بن الحسن اللالکائی (م: 418ھ) نے اپنی کتاب ”كرامات الأولياء“ میں، اور امام ابو محمد حسن بن محمد الخلال (م: 439ھ) نے اپنی کتاب ”كرامات الأولياء“ میں رابعہ بصریہ کی ایک کرامت نقل کی ہے، چنانچہ وہ کرامت اور اس کا جائزہ ملاحظہ فرمائیں:

عبد اللہ بن عیسیٰ الطفاوی فرماتے ہیں: «بلغني: أن رابعة كانت تطبخ قدرا فاشتهت بصلا، فجاء طير في منقاره بصلة، فألقاها إليها» ”مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ رابعہ بصریہ ہنڈیا پکا رہی تھیں، انہیں پیاز کی خواہش تھی تو ایک پرندہ آیا، اس کی چونچ میں ایک پیاز تھا، اس نے پیاز رابعہ بصریہ کے پاس لا کر رکھ دیا۔“ (كرامات الأولياء للالكائي: 212، كرامات الأولياء للخلال: 40)

جائزہ:

اس کی سند ضعیف ہے، ”بلغني“ (بات پہنچانے والا) نامعلوم ہے۔

رابعہ بصریہ کی طرف منسوب باتوں کی حقیقت:

غلو اور جہالت و غلو پر مبنی جو باتیں رابعہ بصریہ کی طرف منسوب ہیں، وہ سب باطل ہیں، صاحب لحم امام ابو سعید احمد بن محمد بصری المعروف ابن الأعرابی (م: 340ھ) نے فرمایا: «أما رابعة فقد حمل الناس عنها حكمة كثيرة وحكى عنها سفيان وشعبة وغيرهما ما يدل على بطلان ما قيل عنها» ”لوگوں نے رابعہ رحمہا اللہ سے بہت سی حکمت کی باتیں لیں، سفیان ثوری اور شعبہ وغیرہ نے رابعہ سے وہ باتیں نقل کی ہیں جو دلیل ہیں کہ رابعہ کے بارے میں جو یہ کہا گیا ہے (کہ وہ حلول وغیرہ کا اعتقاد رکھتی تھیں) باطل ہے۔“ (سير أعلام النبلاء: 7/509)

فائدہ:

امام ذہبی رحمہ اللہ نے ابن الاعرابی رحمہ اللہ کا یہ قول غالباً ان کی کتاب ”طبقات النساك“ سے نقل کیا ہے۔ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد ارشاد کمال حفظہ اللہ لکھتے ہیں: ”طبقات النساك مفقود ہے، امام ذہبی کے دور میں موجود تھی، انہوں نے اس سے استفادہ کیا تھا۔“ (دیکھئے سير أعلام النبلاء: 10/225) [دوماہی مجلہ نور الحديث لاہور، شمارہ: 42، ص 78]

بطور تنبیہ: ”مشتے نمونہ از خروارے“

یہاں رابعہ بصریہ کی طرف منسوب جہالت اور غلو پر مبنی دو باتیں اور ان کا جائزہ حوالہ قرطاس ہے:

پہلی بات: ”رابعہ بصریہ نے ایک دفعہ حج کیا اور کہا: «هذا الصنم المعبود في الأرض، والله ما ولجه الله ولا خلا منه» ”یہ زمین میں بت ہے جس کی عبادت کی جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ نہ اس میں داخل ہوا ہے اور نہ یہ اس سے خالی ہوا ہے۔“

جائزہ:

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (م: 728ھ) فرماتے ہیں: «وأما ما ذكر عن رابعة العدوية من قولها عن البيت “إنه الصنم المعبود في الأرض” فهو كذب على رابعة، ولو قال هذا من قاله لكان كافرا يستتاب، فإن تاب وإلا قتل، وهو كذب فإن البيت لا يعبده المسلمون ولكن يعبدون رب البيت بالطواف به والصلاة إليه، وكذلك ما نقل من قولها: «والله ما ولجه ولا خلا منه، كلام باطل عليها»

”بیت اللہ کے بارے میں رابعہ عدویہ کا جو قول ذکر کیا گیا ہے کہ یہ زمین میں بت ہے جس کی عبادت کی جاتی ہے، رابعہ پر جھوٹ ہے۔ اگر کوئی یہ بات کہے، کہنے والا کوئی بھی ہو، تو وہ کافر ہے اس سے توبہ کرائی جائے گی۔ اگر وہ توبہ کر لے تو درست ہے ورنہ اسے قتل کر دیا جائے گا۔ یہ بات جھوٹ ہے کیونکہ مسلمان بیت اللہ کی عبادت نہیں کرتے بلکہ بیت اللہ کا طواف کر کے اور اس کی طرف منہ کر کے نماز ادا کر کے بیت اللہ کے رب کی عبادت کرتے ہیں، اور اسی طرح رابعہ سے منقول قول ”اللہ نہ اس میں داخل ہوا ہے اور نہ یہ اس سے خالی ہوا ہے۔“ باطل کلام ہے، جو رابعہ کے سر تھوپ دیا گیا ہے۔“ (مجموع الفتاوى: 2/310)

دوسری بات: رابعہ بصریہ نے کہا: «ولقد جعلتك في الفؤاد محدثي وأبحت جسمي من أراد جلوسي»

”میں نے تجھے اپنے دل کا ہم نشین بنایا ہوا ہے لیکن میرا جسم ان کے لیے حاضر ہے جو اس کی ہم نشینی چاہتے ہیں۔“

جائزہ:

امام ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «فهذا غلو وجهل، ولعلها نسبها إلى ذلك مباحي حلولي ليحتج بها على كفره»

”یہ غلو اور جہالت ہے اور شاید رابعہ رحمہا اللہ کی طرف یہ باتیں منسوب کرنے والا مباحی اور حلولی ہو تاکہ ان باتوں کو اپنے کفر پر دلیل بنا سکے۔“ (سير أعلام النبلاء: 7/509)

ایک قرآنی مکالمہ اور اس کی حقیقت:

حضرت عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے راستہ میں حضرت رابعہ بصری رحمہا اللہ سے ملے، آپ میدان میں تنہا بیٹھی تھیں، اس وقت جو گفتگو ہوئی وہ نہایت دلچسپ اور عجیب و غریب تھی جو کہ درج ذیل ہے:

عبد اللہ: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

رابعہ: ﴿سَلَامٌ قَوْلًا مِنْ رَبٍّ رَحِيمٍ﴾ (یس: 58) ”سلام قول ہے پروردگار مہربان کی جانب سے“

عبد اللہ: اللہ تعالیٰ تم پر رحمت نازل کرے، یہاں کیا کر رہی ہو؟

رابعہ: ﴿وَمَنْ يُضْلِلِ اللَّهُ فَمَا لَهُ مِنْ سَبِيلٍ﴾ (الشورى: 46)

”جس کو اللہ تعالیٰ گمراہ کر دے اس کے لیے کوئی راستہ نہیں۔“

عبد اللہ: میں سمجھا کہ راہ بھول گئی ہیں اور کہا: کہاں جانا چاہتی ہو؟

رابعہ: ﴿سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَيْلًا مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَى الْمَسْجِدِ الْأَقْصَى﴾ (بنی اسرائیل: 1)

”پاک ہے وہ ذات جو لے گئی اپنے بندے کو راتوں رات مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ کی طرف۔“

عبد اللہ: سمجھ گیا کہ حج سے فارغ ہو کر بیت المقدس جا رہی ہیں اور پوچھا: کب سے اس مقام پر پڑی ہو؟

رابعہ: ﴿ثَلَاثَ لَيَالٍ سَوِيًّا﴾ (مریم: 10) ”(تین راتیں پوری) یعنی تین دن سے۔“

عبد اللہ: تمہارے پاس کھانے کو تو کچھ نہیں آخر تم نے بسر کیونکر کی؟

رابعہ: ﴿هُوَ يُطْعِمُنِي وَيَسْقِينِ﴾ (الشعراء: 79) ”وہی مجھے کھلاتا ہے اور وہی مجھے پلاتا ہے۔“

عبد اللہ: تم وضو کس چیز سے کیا کرتی تھیں؟ رابعہ: ﴿فَلَمْ تَجِدُوا مَاءً فَتَيَمَّمُوا صَعِيدًا طَيِّبًا﴾ (النساء: 43) ”اور اگر نہ پاؤ تم پانی تو تیمم کرو پاک مٹی سے۔“

عبد اللہ: میرے پاس کھانا ہے کھاؤ گی؟

رابعہ: ﴿ثُمَّ أَتِمُّوا الصِّيَامَ إِلَى اللَّيْلِ﴾ (البقرة: 187) ”پھر پورا کرو تم روزہ رات تک۔“

عبد اللہ: یہ رمضان کا مہینہ تو نہیں؟

رابعہ: ﴿وَمَنْ تَطَوَّعَ خَيْرًا فَإِنَّ اللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ﴾ (البقرة: 158) ”اور جو بطور نفل نیک کام کرے تو اللہ تعالیٰ قبول کرنے والا اور جاننے والا ہے۔“

عبد اللہ: لیکن سفر میں تو روزہ نہ رکھنا مباح ہے؟

رابعہ: ﴿وَأَنْ تَصُومُوا خَيْرٌ لَكُمْ إِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُونَ﴾ (البقرة: 184) ”اور اگر روزہ رکھو تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔“

عبد اللہ: جس طرح میں تم سے باتیں کرتا ہوں اسی طرح تم باتیں کیوں نہیں کرتیں؟

رابعہ: ﴿مَا يَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ إِلَّا لَدَيْهِ رَقِيبٌ عَتِيدٌ﴾ (ق: 18) ”کوئی بات وہ زبان سے نہیں نکالتا مگر اس کے پاس ایک محافظ تیار بیٹھا ہے۔“

عبد اللہ: تم کس قبیلے کی عورت ہو؟

رابعہ: ﴿وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ كُلُّ أُولَئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْئُولًا﴾ (بنی اسرائیل: 36) ”جس کا علم نہ ہو اس کے پیچھے نہ لگ جایا کرو، بے شک تم سے کان، آنکھ اور دل کے بارے میں پوچھا جائے گا۔“

عبد اللہ: مجھ سے خطا ہوئی معاف کرو۔

رابعہ: ﴿لَا تَثْرِيبَ عَلَيْكُمُ الْيَوْمَ يَغْفِرُ اللَّهُ لَكُمْ وَهُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ﴾ (یوسف: 92) ”آج تم سے کوئی باز پرس نہ ہوگی۔ اللہ تمہیں معاف کرے، اور وہ سب مہربانوں سے بڑھ کر مہربان ہے۔“

عبد اللہ: میں اپنی اونٹنی پر بٹھا کر لے چلوں، چلو گی؟

رابعہ: ﴿وَمَا تَفْعَلُوا مِنْ خَيْرٍ يَعْلَمْهُ اللَّهُ﴾ (البقرة: 197) ”اور جو نیکی کا کام تم کرو اللہ اسے جانتا ہے۔“

عبد اللہ: اپنی اونٹنی بٹھائی اور کہا: آؤ!

رابعہ: ﴿قُلْ لِلْمُؤْمِنِينَ يَغُضُّوا مِنْ أَبْصَارِهِمْ﴾ (النور: 30) ”مومنین سے کہہ دو کہ اپنی نظریں نیچی رکھا کریں۔“

عبد اللہ: اپنی آنکھیں بند کیں اور کہا: سوار ہو جاؤ!

رابعہ بصری رحمہا اللہ نے جیسے سوار ہونے کا قصد کیا تو اونٹنی بھڑکی اور ان کی چادر پھٹ گئی جس پر آپ نے کہا:

رابعہ: ﴿وَمَا أَصَابَكُمْ مِنْ مُصِيبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ أَيْدِيكُمْ﴾ (الشورى: 30) ”اور تم کو جو مصیبت پہنچی وہ خود تمہارے ہاتھوں سے ہے۔“

عبد اللہ: اچھا ذرا ٹھہرو میں اپنی اونٹنی کو باندھ لوں پھر تم سوار ہو جانا۔

رابعہ: ﴿فَفَهَّمْنَاهَا سُلَيْمَانَ﴾ (الأنبياء: 79) ”پس سمجھا دیا ہم نے سلیمان کو۔“

عبد اللہ: (اونٹنی کو باندھ کر کہا) اب سوار ہو جاؤ!

رابعہ بصری رحمہا اللہ سوار ہوئیں اور اونٹنی کی پیٹھ پر بیٹھ کر کہا: ﴿سُبْحَانَ الَّذِي سَخَّرَ لَنَا هَذَا وَمَا كُنَّا لَهُ مُقْرِنِينَ ۝ وَإِنَّا إِلَى رَبِّنَا لَمُنْقَلِبُونَ﴾ (الزخرف: 13، 14)

عبد اللہ نے اپنی اونٹنی کی مہار پکڑی اور شور مچاتا ہوا چلا۔

رابعہ: ﴿وَاقْصِدْ فِي مَشْيِكَ وَاغْضُضْ مِنْ صَوْتِكَ﴾ (لقمان: 19) ”نرمی کرو اپنی چال میں اور پست کرو اپنی آواز کو۔“

عبد اللہ یہ سن کر آہستہ آہستہ چلنے لگے اور چلانے کی بجائے دھیمی آواز میں حدی خوانی شروع کر دی۔

رابعہ: ﴿فَاقْرَءُوا مَا تَيَسَّرَ مِنَ الْقُرْآنِ﴾ (المزمل: 20) ”جتنا آسانی سے ہو سکے اتنا قرآن پڑھ لیا کرو۔“

عبد اللہ: اللہ نے تم میں بہت سی نیکیاں پیدا کی ہیں۔

رابعہ: ﴿وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ﴾ (آل عمران: 7) ”نہیں سمجھتے مگر عقلوں والے۔“

عبد اللہ: (کچھ سفر کر کے پوچھا) کیا تمہارا شوہر بھی ہے؟

رابعہ: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَسْأَلُوا عَنْ أَشْيَاءَ إِنْ تُبْدَ لَكُمْ تَسُؤْكُمْ﴾ (المائدة: 101)

اس کے بعد کا سفر خاموشی سے کٹ گیا اور وہ منزل مقصود پر پہنچ گئے۔

کلیم النساء صاحبہ نے رابعہ بصریہ کے بارے میں اپنی کتاب ”حیات ابدی“ میں یہ مکمل قصہ درج کیا ہے۔

جائزہ:

محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ (م: 2013ء) لکھتے ہیں:

”قرآنی آیات پڑھنے والی عورت کا واقعہ معتبر سند کے ساتھ کسی کتاب میں نہیں ملا۔ شہاب الدین محمد بن احمد ابی الفتح الابشیہی (پیدائش 790ھ، وفات 850ھ) نے بغیر کسی سند اور بغیر حوالے کے یہ قصہ امام عبد اللہ بن المبارک رحمہ اللہ (متوفی 181ھ) سے نقل کیا ہے۔ اس قصے میں عورت کا نام مذکور نہیں ہے۔“ (دیکھئے المستطرف في كل فن مستظرف، ج 1، ص 56، 57، حكاية المتكلمة بالقرآن، الباب الثامن في الأجوبة المسكتة والمستحسنة)

یہ بلا سند حوالہ مردود اور موضوع کے حکم میں ہے۔

یہاں بطور تنبیہ عرض ہے کہ کتاب ”المستطرف“ میں اگرچہ بہت سی اچھی باتیں بھی ہیں کیونکہ وہ قرآن مجید اور متفق علیہ اور دیگر احادیث صحیحہ و ثابتہ سے متعلق ہیں۔ مگر زیادہ تر یہ بے اصل اور موضوع قصوں والی کتاب ہے لہٰذا اس کتاب پر اعتماد کرنا غلط ہے۔

اس واقعہ سے مشابہ ایک واقعہ حافظ ابن حبان البستی رحمہ اللہ (متوفی 354ھ) کی کتاب ”روضة العقلاء ونزهة الفضلاء“ میں (عبد الملک بن قریب) الاصمعی (البصری، متوفی 216ھ) سے باسند مروی ہے (ص 49، 50) اس قصے میں عبد اللہ بن مبارک رحمہ اللہ کے بجائے اصمعی رحمہ اللہ کو بطور صاحب قصہ ظاہر کیا گیا ہے اور عورت کا نام مذکور نہیں ہے۔ حافظ ابن حبان رحمہ اللہ نے اس قصے کی درج ذیل سند لکھی ہے:

«أنبأنا عمرو بن محمد الأنصاري: حدثنا الغلابي: حدثنا إبراهيم بن عمرو بن حبيب: حدثنا الأصمعي قال: بينا أنا أطوف بالبادية إذا أنا بأعرابية…….الخ» (روضة العقلاء، ص: 49)

عمرو بن محمد الانصاری اور ابراہیم بن عمرو بن حبیب کے حالات کسی کتاب میں نہیں ملے (محمد بن زکریا بن دینار) الغلابی کے بارے میں امام دارقطنی رحمہ اللہ (متوفی 385ھ) فرماتے ہیں کہ ”يضع الحديث“ یہ حدیثیں گھڑتا تھا۔ (كتاب الضعفاء والمتروكين للدارقطني: 483، سؤالات الحاكم للدارقطني: 206) ابن مندہ اور حافظ ذہبی نے الغلابی پر جرح کی۔ ان جارحین کے مقابلے میں حافظ ابن حبان نے الغلابی کو اپنی کتاب الثقات میں ذکر کر کے لکھا:

«كان صاحب حكايات وأخبار، يعتبر حديثه إذا روى عن الثقات لأنه في روايته عن المجاهيل بعض المناكير» ”وہ حکایتیں اور قصے بیان کرتا تھا۔ اگر وہ ثقہ راویوں سے روایت بیان کرے تو اس کا اعتبار ہوتا ہے کیونکہ مجہول لوگوں سے اس کی روایت میں بعض منکر روایتیں ہیں۔“ (الثقات: 9/154)

یہ توثیق یہاں جمہور کی جرح کے مقابلے میں ہونے کی وجہ سے مردود ہے۔ دوسرے یہ کہ یہ روایت ابن حبان رحمہ اللہ کی شرط پر بھی منکر و غیر معتبر ہے کیونکہ الغلابی کے استاد ابراہیم بن عمرو بن حبیب کی توثیق کہیں نہیں ملتی یعنی یہ شخص مجہول ہے۔

خلاصہ یہ کہ اصمعی سے منسوب روایت بھی موضوع ہے اور غالباً الغلابی کذاب کی یہی روایت الابشیہی وغیرہ قصہ گوؤں کی اصل بنیاد ہے۔ (ماہنامہ الحدیث حضرو، شمارہ: 13، ص: 15، 2005ء)

مزید عرض یہ ہے کہ قرآن مجید کے ساتھ آپس میں گفتگو جائز نہیں ہے۔ شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمہ اللہ (م 1999ء) فرماتے ہیں:

«المعروف عند أهل العلم أنه لا ينبغي اتخاذ القرآن بدلا من الكلام بل الكلام له شأن والقرآن له شأن وأقل أحواله الكراهة.» اہل علم کے ہاں یہ بات معروف ہے کہ کلام کی جگہ قرآن کو استعمال نہ کیا جائے کیونکہ عام کلام کی الگ حالت ہے اور قرآن مجید کی الگ شان ہے لہٰذا کم سے کم جو بات کہی جا سکتی ہے وہ یہ ہے کہ کلام کے لیے قرآن مجید کو استعمال کرنا مکروہ ہے۔ (مجموع فتاوى ومقالات: 30/383)

شیخ محمد بن صالح العثیمین رحمہ اللہ (م 2001ء) نے بھی یہی بات فرمائی ہے۔ (دیکھیں: الشرح الممتع على زاد المستقنع: 6/531)

پس اس قصے کا باطل ہونا واضح ہے۔ رابعہ بصری کے حوالے سے دو باتوں کا خیال و اہتمام انتہائی ضروری ہے:

1۔ رابعہ سے مروی کوئی قول یا حکایت و واقعہ ان سے صحیح یا حسن سند سے ثابت ہو۔

2۔ دو راول میں رابعہ نام کی دو عبادت گزار خواتین گزری ہیں۔ (1) رابعہ عدویہ بصریہ جن کا تذکرہ ہم لکھ رہے ہیں۔ (2) رابعہ شامیہ یہ رابعہ بصریہ سے چھوٹی ہیں۔ بات یوں ہے کہ رابعہ شامیہ اور رابعہ بصریہ کی حکایات گڈ مڈ ہو گئی ہیں،

حافظ شمس الدین ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

«وقد تدخل حكايات هذه في حكايات هذه» ”ایک کی حکایات دوسری کی حکایات میں داخل ہو گئی ہیں۔“ (سير أعلام النبلاء: 7/510)

یہ جانچ اور امتیاز بھی ضروری ہے کہ یہ حکایت یا قول کس رابعہ کا ہے۔

وفات:

رابعہ رحمہا اللہ نے اسی برس عمر پا کر 180ھ میں وفات پائی۔

حافظ ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: «وفيها: الزاهدة الخاشعة رابعة العدوية بالبصرة، ولها ثمانون سنة» ”180ھ میں زہد و ورع سے متصف، اللہ سے ڈرنے والی رابعہ عدویہ بصرہ میں فوت ہوئیں اور ان کی عمر اسی برس تھی۔“ (العبر في خبر من غبر: 1/141)

البتہ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے لکھا ہے: «توفيت بالقدس الشريف وقبرها شرقية بالطور رحمهـا الله» ”رابعہ رحمہا اللہ قدس شریف میں فوت ہوئیں اور ان کی قبر پہاڑ کی مشرقی جانب ہے۔“ (البداية والنهاية: 7/178)

امام ابن الجوزی رحمہ اللہ (م: 597ھ) نے اپنی تصنیف ”شذوذ العقود“ میں رابعہ رحمہا اللہ کی وفات 135ھ میں لکھی ہے۔ (دیکھیے وفيات الأعيان لابن خلكان: 2/287) امام ابن الجوزی رحمہ اللہ نے رابعہ بصریہ کے حالات پر مستقل کتاب لکھی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *